لاہور: احتساب عدالت میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی جانب سے آج ہونے والی تین ریفرنسز کی سماعت میں حاضری معافی کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وکلاءنے حاضری معافی کی درخواست دائر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ آج عدالت میں پیش نہیں ہوں گے۔ شہباز شریف کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کا عمرہ ادائیگی کیلئے سعودی عرب کا دورہ شیڈول ہے، لہٰذا حاضری معافی کی استدعا منظور کی جائے۔
ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ انہیں پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنی ہے لہٰذا عدالت سے حاضری معافی کی درخواست منظور کرنے کی استدعا کی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ حمزہ شہباز دو جبکہ شہباز شریف تین ریفرنسز میں نامزد ہیں اور دونوں لیگی رہنماؤں نے رمضان شوگر مل ریفرنس میں بریت کی درخواست دائر کر رکھی ہے جبکہ عدالت نے آج کی سماعت میں منی لانڈرنگ اور آشیانہ میں نیب کے گواہوں کو بھی طلب کر رکھا ہے۔