بشیر میمن کے بیان پر مریم نواز کا انکوائری کا مطالبہ درست ہے، اعتزاز احسن

10:31 PM, 28 Apr, 2021

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سابق سربراہ بشیر میمن کے بیان سے زیادہ فائدہ شریف خاندان کو ہوتا ہے۔ مریم نواز کی یہ بات درست ہے کہ اس معاملے پر اعلیٰ سطح کی انکوائری ہونی چاہیے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ مریم نواز نے پہلے بھی ایک جج کا آڈیو ٹیپ پیش کیا تھا۔ میں نے اُس ٹیپ پر کہا تھا کہ اگر یہ درست ہے تو نواز شریف باہر آ سکتے ہیں۔ اگر ن لیگ والے خود بشیر میمن پر استغاثہ کرتے ہیں تو سمجھوں گا کہ یہ سنجیدہ ہیں۔ مسلم لیگ ن پر منصر ہے کہ وہ اس بیان کوعدالت میں پیش کرے اور میرا تجربہ یہ ہے کہ اس طرح کا بیان صرف رٹا لگایا ہوا ہوتا ہے۔

اعتزاز احسن نے کہا مریم نواز نے کہا کہ وزیراعظم ہاوَس میں اس طرح پہلے کبھی نہیں ہوا۔ ماضی میں وزیراعظم ہاوَس میں بہت کچھ ہوا ہے اور سپریم کورٹ پر حملے کی منصوبہ بندی بھی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ احتساب عدالت کے سابق جج مرحوم ارشد ملک ٹیپ کے بعد ن لیگ نے کارروائی آگے بڑھانے سے گریز کیا تھا۔ مجھے لگتا ہے کہ مسلم لیگ ن اب بھی گریز کرے گی۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ پیپلز پارٹی کا پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کیساتھ دوبارہ کوئی تعاون ہو سکتا ہے۔ لانگ مارچ اس طرح نہیں ہوتا کہ آپ ایک دن میں کال دے دیں۔ پیپلز پارٹی معافی نہیں مانگ سکتی اور پی ڈی ایم سے متعلق رائے پارٹی اجلاس میں دوں گا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ صرف ان بچوں کو امتحان دینے کی گنجائش دی گئی جن کی مجبوری ہے۔50 سے زیادہ بچے امتحانی ہال میں نہیں بیٹھیں گے۔

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ امتحان کے بغیر پاس کرنا ممکن نہیں اور صوبائی وزرائے تعلیم کی بھی یہی رائے ہے کہ بغیر امتحان کے پاس نہیں کیا جائے گا۔

مزیدخبریں