آرمی چیف سے امریکی وزیر دفاع کا رابطہ، امریکی فوج کے انخلا پر تبادلہ خیال

09:10 PM, 28 Apr, 2021

راولپنڈی: امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے اہم علاقائی اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

امریکی محکمہ دفاع کے مطابق لائیڈ آسٹن نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کیساتھ ٹیلیفونک گفتگو کے دوران خطے کی سلامتی واستحکام پر بات چیت کی۔ لائیڈ آسٹن نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے پاک امریکا تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

خیال رہے کہ آج امریکا نے اپنے غیر ضروری اسٹاف کو افغانستان چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے ۔ مریکی سفیر روز ولسن کا کہنا ہے حملوں کے خطرے کے پیش نظر غیر ضروری اسٹاف کو واپس بلایا گیا ہے ۔افغانستان سے واپس بلائے گئے اسٹاف کی تعداد تھوڑی ہے۔ امریکی فوج کو انخلاء میں معاونت کرنے والا ضروری اسٹاف کابل میں موجود رہے گا۔

جوبائیڈن کے بیان کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ امریکہ نے اپنے غیرضروری سٹاف کو واپس بلوا لیا ہے۔ 

واضح رہے کہ افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان افغان عمل کے سلسلے میں مئی میں اجلاس متوقع ہے۔ اس سے قبل افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کی تاریخ یکم مئی رکھی گئی تھی جبکہ جوبائیڈن کے گزشتہ دنوں ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ افغانستان سے امریکی فوج گیارہ ستمبر تک نکل جائیگی ۔ گیارہ ستمبر کو امریکہ کے ورلڈ ٹریڈ سنٹر پر ہونے والے حملے کو بیس سال ہوجائیں گے ۔ 

مزیدخبریں