دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری کر دی۔ پاکستان کے دو بیٹسمین ٹاپ ٹین میں شامل ہوگئے ہیں۔
آئی سی سی ٹی ٹونٹی پلئیرز کی بیٹنگ رینکنگ میں بابر اعظم ایک درجے تنزلی کے بعد دوسرے سے تیسرے نمبر پر چلے گئے جبکہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ دوسرے نمبر پر آگئے۔
انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان رینکنگ میں بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ قومی ٹیم کے وکٹ کیپر محمد رضوان نے کیرئیر کی بہترین رینکنگ حاصل کرتے ہوئے پانچ درجے ترقی کے بعد 10 ویں نمبر پر آ گئے۔
بولرز کی فہرست میں جنوبی افریقا کے تبریز شمسی پہلے نمبر پر ہیں جبکہ آل راؤنڈز میں افغانستان کے محمد نبی کا پہلا نمبر ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے قائد ویرات کوہلی کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا ہے اور ٹی 20 انٹرنیشنل میں تیز ترین 2,000 رنز مکمل کرنے والے بلے باز بن گئے تھے۔
بابراعظم نے کیرئیر کی 52 ویں اننگز میں 2000 رنز کا سنگ میل عبور کیا جبکہ ویرات کوہلی نے 56 اننگز میں تیز ترین 2000 ٹی 20 انٹرنیشنل رنز بنائے تھے۔ بابراعظم ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں 2000 رنز بنانے والے تیسرے پاکستانی کرکٹر ہیں جبکہ ان سے قبل محمد حفیظ اور شعیب ملک بھی یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔
بابراعظم مجموعی طور پر ٹی 20انٹر نیشنلز میں 2000 رنز بنانے والے دنیا کے 11 ویں بلے باز ہیں اور انہوں نے یہ اعزاز زمبابوے کیخلاف کھیلے گئے تیسرے ٹی 20 میچ میں 46 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے52 رنز بنا کر حاصل کیا تھا۔