اسلام آباد: پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب کو وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مقرر کر دیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں تصدیق کی کہ وزیراعظم نے فرخ حبیب کو وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مقرر کیا ہے۔
Congratulations to @FarrukhHabibISF for his his well deserved appointment as State Minister for Information and Broadcasting, he will take oath of his office tomorrow
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 28, 2021
فواد چوہدری نے فرخ حبیب کو وزیرمملکت بنائے جانے پر مبارکباد دی اور کہا کہ فرخ حبیب کل وزیرمملکت اطلاعات و نشریات کےعہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
واضح رہے کہ فرخ حبیب عام انتخابات میں فیصل آباد سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 108 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ 15 اپریل کو وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کو ایک مرتبہ پھر وزیر اطلاعات و نشریات کا قلمدان سونپ دیا گیا تھا۔
سینیٹر فیصل جاوید نے فواد چوہدری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دوبارہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مقرر ہونے پر مبارک باد دی تھی۔
خیال رہے کہ حکومت نے اپریل 2019 میں فواد چوہدری سے اطلاعات و نشریات کی وزارت واپس لے کر انہیں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا وزیر بنا دیا تھا۔ بعدازاں 28 اپریل 2019 کو حکومت نے سینیٹر شبلی فراز کو وزیر اطلاعات و نشریات مقرر کیا گیا تھا۔