بشیر میمن کے الزامات، مریم نواز نے جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کردیا

11:54 AM, 28 Apr, 2021

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے مطالبہ کیا ہے کہ بشیر میمن کے الزامات کے بعد سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر جھوٹا ریفرنس بنانے پر جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔

مریم نواز شریف کا اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جسٹس شوکت عزیز کی گواہی آن ریکارڈ ہے، اب بشیر میمن کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے۔ وزیراعظم کے آفس میں سپریم کورٹ کے موجودہ جج کیخلاف سازش کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو سمجھ آ گئی ہے کہ سسلین مافیاز کیا ہوتے ہیں۔ اداروں کے سربراہوں کو بلا کر کہا جا رہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کیخلاف مقدمات قائم کئے جائیں۔ مہذب دنیا کے اندر کبھی کسی نے ایسا نہیں کیا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ افسران سے کہا جاتا ہے کہ ابھی گرفتار کر لو، مقدمہ کیا بنانا ہے، وہ بعد میں دیکھیں گے۔ تاریخ میں کبھی وزیراعظم آفس کے اندر ایسے گھناونے جرائم کا ارتکاب نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی انجیئرنگ کے لئے قومی اداروں کو استعمال کیا جا رہا ہے لیکن ہر بار ایسا کرنے والوں کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ عدلیہ سے درخواست ہے کہ وہ خود اس سارے معاملے کو دیکھے۔

مریم نواز نے مطالبہ کیا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر جھوٹا ریفرنس بنانے پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ مسلم لیگ (ن) اس معاملے کو ایسے نہیں جانے دے گی۔ سپریم کورٹ کے سینئر جج کیخلاف سازش کی گئی۔ 2014ء میں دھرنےشروع ہوئے تب سے جانتے ہیں کیا سازش ہو رہی ہے، آج جو کچھ ہو رہا ہے وہ بھی اسی سازش کی کڑی ہے۔

مزیدخبریں