اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز اور معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ، وزیراعظم نے دونوں رہنماؤں کو اپنے اپنے عہدے سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں میں کورونا وائرس کی صورتحال اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوسری جانب وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے شبلی فراز کو وفاقی وزیر اطلاعات اور عاصم سلیم باجوہ کو معاون خصوصی بننے پر مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ وزارت اطلاعات میں نئی ٹیم کی آمد سے حکومتی بیانیہ موثر انداز میں آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ وزیر خارجہ کی کی طرف سے نئی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا۔
اس سے قبل آج صبح سینیٹر شبلی فراز نے وزیر اطلاعات ونشریات کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان سے حلف لیا۔ تقریب میں سماجی فاصلے پر سختی سے عملدرآمد کیا گیا۔
خیال رہے کہ شبلی فراز اس وقت سینیٹ میں قائد ایوان بھی ہیں۔ وہ پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر خیبر پختونخوا سے ایوان بالا کی جنرل سیٹ پر منتخب ہوئے۔