سعودی عرب کے تمام شہروں میں بدھ 29 اپریل سے شاپنگ مالز اور تجارتی مراکز کھل جائیں گے ،
مکہ کے بعض علاقے اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کرونا وائرس کی وجہ سے ہاؤس آئسولیشن کے سلسلے میں سعودی شہریوں اور ملک میں مقیم غیرملکیوں پر عائد پابندی میں نرمی کے لیے کئی اقدامات کی منظوری دی ہے۔سعودی عرب میں کے تمام شہروں میں کرفیو جزوی طور پر ختم کردیا گیا ہے البتہ مکہ شہر اور مکمل لاک ڈاؤن والے محلوں میں کرفیو برقرار رکھا گیا ہے۔واضح رہے کہ شاہی فرمان کے تحت سعودی شہریوں اور ملک میں مقیم غیرملکیوں کو صبح 9 سے شام 5 بجے تک گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت دی گئی ہے یہ اجازت 13 مئی 20 رمضان تک موثر ہوگی۔شاہی فرمان کے تحت بدھ 29 اپریل سے لے کر 13 مئی تک بعض اقتصادی اور تجارتی اداروں پر عائد پابندیاں بھی اٹھالی گئی ہیں۔
علاوہ ازیں وزارت بلدیات و دیہی امور نے کرفیو کے دوران تجارتی مراکز اور مالز کھولنے کی شرائط جاری کی ہیں جس کے مطابق مالز اور تجارتی مراکز کھولتے وقت قواعد و ضوابط کی پابندی کرنا ہوگی۔وزارت بلدیات کے مطابق تمام صارفین اور کارکنان کے درمیان ہر وقت محفوظ فاصلہ رکھنا ہوگا، مجمع سے گریز کرنا ہوگا، کرنسی نوٹ کے استعمال سے حتیٰ الامکان اجتناب برتتے ہوئے اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے رقوم کی ادائیگی کرنا ہوگی۔اسی طرح کپڑوں کی چیکنگ روم، نماز کی ادائیگی کے لیے مخصوص کمرے بند کرنا ہوں گے، گیمز و تفریحات کی جگہیں بند رکھنا ہوں گی، نشستیں ختم کرنا ہوں گی، ای گیٹ کو موثر کرنا ہوگا، ای گیٹ نہ ہونے کی صورت میں دروازے مستقل بنیادوں پر کھلے رکھنا ہوں گے۔
فروخت کردہ سامان تبدیل کرنے یا واپس لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔وزارت بلدیات و دیہی امور کے مطابق ہر دس میٹر پر تجارتی مرکز یا مال کے اندر ایک کارکن متعین کرنا ہوگا، تجارتی مرکز یا مال میں داخل ہونے کے عمل کو منظم کرنا ہوگا، صارفین کو حد سے زیادہ تعداد میں داخل ہونے سے روکا جائے گا۔اسی طرح مارکیٹنگ ٹرالیوں اور کو سینیٹائز کرتے رہنا ہوگا، سامان منتقل کرتے وقت ڈھک کر لے جانا ہوگا، حفاظتی تدابیر کو سمجھانے کے لیے جگہ جگہ وضاحتی بورڈ لگانا ہوں گے، تمام ملازمین کے لیے ماسک، ہاتھ بار بار دھونے، دستانے پہننے اور تبدیل کرتے رہنے کی پابندی کرنا ہوگی۔وزارت بلدیات و دیہی امور کے مطابق ایسا کوئی بھی شخص یا صارف جس کا درجہ حرارت 38 ڈگری سے زیادہ ہو تو اسے مال یا تجارتی مرکز میں جانے سے روکا جائے گا، صارفین کو دروازے پر حفاظتی ماسک اور دستانے فراہم کیے جائیں۔
دروازوں پر ایسے گارڈز متعین کیے جائیں جو فیس ماسک کی پابندی کرائیں، ہر تجارتی مرکز یا مال کو چوبیس گھنٹے میں ایک بار سینیٹائز کرنا ہوگا، علاوہ ازیں کسی کے بھی کورونا میں مبتلا ہونے پر اسے الگ تھلگ رکھنے کے لیے اسپیشل روم مختص کرنا ہوں گے۔وزارت نے تنبیہ کی ہے کہ 15 برس سے کم عمر بچوں کا مالز اور تجارتی مراکز میں داخلہ ممنوع ہوگا، گارڈز حضرات اس کی پابندی کرائیں گے، لفٹیں بند رکھنا ہوں گی، سیڑھیوں سے چڑھنے اترنے پر انحصار کیا جائے، اگر سیڑھی نہ ہوتو ایسی صورت میں لفٹ ایک وقت میں صرف دو افراد استعمال کریں، کار پارکنگ سہولت مہیا نہ کی جائے۔