وزیر اعلیٰ پنجاب کا ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

11:28 AM, 28 Apr, 2020

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کابینہ کمیٹی پرائس کنٹرول کو کریک ڈاؤن کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور صوبائی کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول اشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو مقرر کردہ نرخوں پر اشیاء ضروریہ کی دستیابی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

عثمان بزدار نے مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے اور اینٹی ہورڈنگ آرڈیننس 2020 کے تحت ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایکشن لینے کے احکامات جاری کر دیے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انتظامی افسران کو منڈیوں میں نیلامی کے عمل کو مانیٹر کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔گزشتہ ماہ بھی وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے تھا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کے لیے بھی اقدامات اٹھانے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ عوام کو آٹے کی مقررہ قیمتوں پر دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں عام آدمی کے مفادات کا پورا تحفظ کریں گے، ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف قانون کے تحت بلاتفریق کارروائی کی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ اشیائے ضروریہ مقررکردہ نرخوں پر فراہم کرنے کیلئے انتظامی اختیارات استعمال کیے جائیں، اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں ناجائز اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔وزیراعلی پنجاب نے کہا تھا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے یہ ہماری ذمہ داری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پرائس کنٹرول کرنے کیلئے کیے جانے والے اقدامات کی خود نگرانی کروں گا اور کسی کو صوبے کے عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا۔

مزیدخبریں