بلوچستان، لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنیوالوں کو قرنطینہ مراکز منتقل کرنے کا فیصلہ

11:16 AM, 28 Apr, 2020

کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے سخت ایکشن لیتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے قرنطینہ مراکز منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کے مطابق کوئٹہ میں اب تک لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 2700 دوکانیں سیل کی جاچکی ہیں۔

انہوں نےکہا کہ بلوچستان میں کورونا کے کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے   اس لیے پھیلاؤ کو روکنے کی وجہ سے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کرکے قرنطینہ مراکز منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ اگر عوام نے تعاون نہ کیا تو صوبے میں مکمل لاک ڈاؤن کی طرف بھی جاسکتے ہیں۔

صوبائی ترجمان نے عوام کو ہدایت کی کہ لاک ڈاؤن میں ضرورت کے تحت باہر نکلنے والوں کے لیے منہ ڈھانپنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وفاق کی جانب سے ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک اضافے کے بعد بلوچستان حکومت نے بھی صوبے میں لاک ڈاؤن میں 5 مئی تک توسیع کی ہے لیکن اس دوران بہت سے افراد ضابطوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ بلوچستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 853 تک پہنچ گئی ہے جب کہ 14 افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔

مزیدخبریں