مردان: صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے میں اصول والا ہوں، لیکن جب سینیٹ الیکشن آئے تو وصول والا بن گیا، خان صاحب آپ کے پی کے کو کھا کر لاہور آتے ہو۔
شیر گڑھ میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بطور صدر ن لیگ آج پہلی مرتبہ آپ کے پاس آیا ہوں، پشاور کے برباد ہونے پر بہت افسوس ہوا۔ بی آر ٹی کی آڑ میں تمام پشاور شہر کو کھود کر تباہ کر دیا گیا، عمران خان کہتے تھے کہ یہ میٹرو نہیں جنگلا بس ہے۔ پشاور میٹرو دور دور تک بنتی نظر نہیں آرہی، انھوں نے کیا کیا، دن رات دھرنا اور کام نہیں کرنا، میٹرو پشاور 75 ارب روپے میں بن رہی ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ پورے صوبے میں ایک ارب درخت لگا کر ریکارڈ بناؤں گا، لیکن ایسا نہیں ہوا کیونکہ ان کو دن رات جھوٹ بولنے، الزام لگانے اور دھرنے دینے کا شوق ہے۔ عاصمہ قتل کیس کا فرانزک ٹیسٹ لاہور کی فرانزک لیب میں ہوا۔ خان صاحب نے مالم جبہ میں اپنے دوستوں کو زمینیں بانٹیں، نوشہرہ کہیں ترقی نہ ہوئی، پیسا پی ٹی آئی کے رہنماوں کی جیبوں میں گیا۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ سی پیک نواز شریف لے کر آئے، 2013 میں بجلی جاتی تھی، آتی نہیں تھی۔ خیبرپختونخوا میں ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا ہوسکتی تھی، مگر عمران خان نے 5 سال میں منفی 6 میگاواٹ بجلی دی ہے، کرپشن کیخلاف جہاد کرنے والے یہ بتا دیں کے خیبربینک میں فراڈ کیسے ہوا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا والوں لاہور آؤ، لاہور میں عوام نہیں ہمارے کام آپ کا استقبال کریں گے۔ عمران خان کو بھی صوبہ میں کام کروانا چاہیے تھا۔