نئی دہلی : بھارت میں ایک دیہاتی کی بیوی کو سانپ نے ڈسا تو بدبخت نے اسے ہسپتال لے جانے کی بجائے سڑک پر لٹا کر اس کے اوپر گوبر کا ڈھر لگا دیا۔ چند منٹ میں ہی بدقسمت خاتون زندگی کی بازی ہارگئی۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق 35 سالہ خاتون دوندری ریاست اترپردیش کے علاقے بلند شہر کے ایک دیہات سے تعلق رکھتی تھی۔ وہ جلانے کی لکڑی اکٹھی کرنے کے ل ئے کھیتوں میں گئی تھی کہ سانپ نے اسے ڈس لیا۔ وہ بیچاری گرتی پڑتی اپنے گھر کی جانب بھاگی اور اپنے خاوند کو اس واقعے کے متعلق بتایا۔ اسے ہسپتال لیجانے کی بجائے اس کے خاوند نے ایک جوگی کو بلا کر اس کا علاج شروع کروادیا۔
اسی جوگی کے کہنے پر اس نے اپنی بیوی کو گھر کے باہر سڑک پر لٹایا اور اسے پوری طرح گائے کے گوبر کے ڈھیر میں دفن کردیا۔ اس دوران جوگی اپنے جنتر منتر پڑھتا رہا لیکن بیچاری خاتون اپنی آخری سانسیں لے رہی تھیں۔ جب گوبر کا ڈھیر اس کے اوپر سے ہٹایا گیا تو اس کی سانسیں بند ہو چکی تھیں اور روح قفس عنصری سے پرواز کر چکی تھی۔ شاید سانپ کے زہر سے مرنا ایسی دردناک موت کی نسبت آسان ہوتا۔