اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط کے اجلاس میں آج چوہوں کو سبق سکھانے پر غور کیا۔ پی ٹی آئی کے عارف علوی دوران اجلاس پارلیمنٹ لاجز میں چوہوں کے دندنانے کا تذکرہ چھیڑ کر بیٹھ گئے اور شریر چوہوں کو قابو کرنے کا فارمولہ بھی لے آئے۔
معزز رکن اسمبلی کے خیال میں چوہے کہیں باہر سے نہیں آتے ان کی ساری آمد و رفت سیوریج لائنوں کے ذریعے ہوتی ہے۔ بس باورچی خانے اور دیگر راستوں کو سیل کریں اور چوہوں سے ہمیشہ کیلئے چھٹکارا پائیں۔
معزز رکن نے کمیٹی کو اپنے تجربات سے بھی آگاہ کر دیا اور فخریہ انداز میں دعویٰ کیا کہ اس فارمولے کی بدولت آج ان کا لاجز چوہوں سے مکمل پاک ہے۔
چوہوں کو بھگانے کا نادر نسخہ سن کر کمیٹی کے معزز اراکین پھولے نہ سمائے اور چیئرمین سمیت اراکین نے نہ صرف باآواز بلند ڈاکٹر عارف علوی کا شکریہ ادا کیا بلکہ انہیں یقین دلایا کہ وہ یہ فارمولا ہر معزز رکن اسمبلی تک پہنچائیں گے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں