بیروت میں حزب اللہ ہیڈ کوارٹرز پر اسرائیل کا بڑ احملہ

10:09 PM, 27 Sep, 2024

نیوویب ڈیسک

بیروت:بیروت میں حزب اللہ ہیڈ کوارٹرز پر اسرائیل نے بڑا  حملہ کیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے طاقتور میزائلوں سے فضائی حملےکیے۔ عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ایئرپورٹ روڈ پر مخصوص عمارت کو نشانہ بنایا، اسرائیلی طیاروں نے البرج عمارت پر 10 میزائل داغے۔


اسرائیلی فوج کی جانب سےکہا گیا ہے کہ اسرائیلی فورسز نےحزب اللہ کے سینٹرل کمانڈ کو بمباری کا نشانہ بنایا۔اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ حزب اللہ کا سینٹرل کمانڈ عمارت کے نیچے قائم کیا گیا تھا، بمباری کا اصل ہدف حزب اللہ سربراہ حسن نصراللہ تھے۔ برطانوی خبر رساں ادارے نے بتایا ہے کہ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ محفوظ ہیں۔

اسرائیل کسی بھی وقت جنوبی لبنان پر زمینی حملہ کرسکتا ہے۔ اسرائیلی فوج نے درجنوں ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور دیگر ساز و سامان لبنانی سرحد پر پہنچادیا ہے۔ فوج کو واضح احکامات بھی دیے جاچکے ہیں۔


اسرائیلی فوج نے چند دنوں میں جنوبی لبنان میں، جو حزب اللہ کا گڑھ سمجھا جاتا ہے، حزب اللہ کے 500 سے زیادہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ بمباری اور میزائل حملوں میں 700 سے زائد شہری جاں بحق ہوئے ہیں جن میں بڑی تعداد حزب اللہ کے ارکان کی ہے۔ ابراہیم عقیل، احمد وہبی اور حزب اللہ کے دیگر ٹاپ کمانڈر شہید کردیے گئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ 5 روز میں یہ اسرائیلی فوج کی بیروت پر سب سے طاقتور بمباری ہے، جنوبی ٹاؤن پراسرائیلی بمباری میں 4 عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

مزیدخبریں