راولپنڈی: راولپنڈی میں دو دن کیلیے دفعہ 144نافذ کردی گئی ہے اور رینجرز کی تعیناتی کیلیے وفاقی حکومت کو مراسلہ جاری کردیاگیاہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 28 ستمبر کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسے کا اعلان کیا تھا تاہم تاحال ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلسے کی اجازت نہیں دی گئی، جس کے بعد پی ٹی آئی نے جلسے کے مقام پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ان دو دنوں میں راولپنڈی ڈویژن کی حدود میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ اسلحہ رکھنے اور اسلحے کی نمائش کی بھی ممانعت ہوگی۔
صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق راولپنڈی ڈویژن کے اضلاع راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال میں ہفتہ 28 ستمبر اور اتوار 29 ستمبر کو ہوگا۔ ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر راولپنڈی اور اٹک میں رینجرز کی 6 کمپنیاں تعینات کی جائیں گی۔