لاہور:علیم ڈار اس ڈومیسٹک سیزن کے اختتام پر ریٹائر ہو جائیں گے۔علیم ڈار کا شاندار اور باوقار کریئر ایک چوتھائی صدی پر محیط ہے، میدان میں اور میدان کے باہر ایک حقیقی جنٹلمین کے طور پر دیکھے جانے والے علیم آئی سی سی امپائر آف دی ایئر (2009-2011) کیلئے ڈیوڈ شیفرڈ ٹرافی کے 3 بار فاتح بھی ہیں۔
56
سالہ علیم ڈار نے 1986ء سے 1998ء کے درمیان 17 فرسٹ کلاس اور 18 لسٹ اے میچز بھی کھیلے۔انہوں نے 1998ء کی قائد اعظم ٹرافی کے دوران فرسٹ کلاس امپائرنگ کا آغاز کیا۔ 2003ء سے 2023ء تک امپائرز کے آئی سی سی ایلیٹ پینل میں خدمات انجام دیں جہاں انہوں نے اپنی انتظامی مہارت، کھیل کے حالات کی سمجھ بوجھ، پُرسکون رویے اور شاندار فیصلہ سازی کے لیے عالمگیر شہرت حاصل کی۔
وہ ان دنوں پی سی بی کے ایلیٹ پینل کا حصہ ہیں اور آئی سی سی کے بین الاقوامی پینل کے چار پاکستانی امپائرز میں سے ایک ہیں جس کی وجہ سے وہ ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں امپائرنگ کے اہل ہیں۔ علیم ڈار نے ابتک ریکارڈ 145 ٹیسٹ، 231 ون ڈے انٹرنیشنل، 72 ٹی20 انٹرنیشل، 5 ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل، 181 فرسٹ کلاس میچز، اور 282 لسٹ اے میچز میں امپائرنگ کی ہے۔
عظیم امپائر کا ریٹائر ہونے کے اپنے فیصلے پر کہنا ہے کہ تقریباً 25 سال سے امپائرنگ میری زندگی رہی ہے اور میں نے اس نسل کے عظیم ترین کھلاڑیوں پر مشتمل چند انتہائی یادگار میچوں میں امپائرنگ کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔