نیویارک : وزیراعظم شہباز شریف نے عراقی ہم منصب محمد شیاع السودانی سے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان عراق دوطرفہ تعلقات کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے عراقی ہم منصب محمد شیاع السودانی سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور عراق کے مابین مضبوط تعلقات کو خوش آئند قرار دیا اور پاکستانی زائرین کے لئے ہر سال کئے جانے والے انتظامات پر عراقی حکومت کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان عراق دوطرفہ تعلقات کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے پر اتفاق کیا، باہمی طور پر تعاون کے فروغ کیلئے دونوں ممالک کے مابین موجود استعداد سے استفادہ حاصل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر بین الاقوامی مسائل پر اتفاق کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جاری اسرائیلی حملے، ظلم و جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر اظہارتشویش بھی کیا گیا، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ اور او آئی سی کے پلیٹ فارمز پر بین الاقوامی کوششوں کو مزید موثر اور تیز کرنے پر زور دیا۔