کھلاڑیوں کے لیے خوشخبری: نئے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان ، تنخواہوں میں 202 فیصد تک کا اضافہ، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ریونیو میں بھی حصہ دیا گیا

07:24 PM, 27 Sep, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور:پی سی بی  نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان  کردیا ہے ۔کھلاڑیوں کے معاوضوں میں 202 فیصد تک اضافہ کردیاگیا ہے۔ پی سی بی نے قومی ٹیم کے 25 کھلاڑیوں کو 3سال کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا اعلان کیا ہے جہاں ان کی تنخواہوں میں 202 فیصد تک کا اضافہ کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ریونیو میں بھی حصہ دیا گیا ہے۔3سالہ اس کنٹریکٹ کا اطلاق یکم جولائی 2023 سے 30 جون 2026 تک ہو گا جس میں 25 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔


گزشتہ کنٹریکٹ کے برعکس اس مرتبہ ٹیسٹ اور محدود اوورز کے کنٹریکٹ کو ضم کردیا گیا ہے اور یہ فیصلہ سینٹرل کنٹریکٹ کمیٹی کی سفارش پر کیا گیا جس کا مقصد کھلاڑیوں کی کارکردگی کو میچ میں فتوحات کی بنیاد پر جانچنا اور سلیکشن کے عمل میں شفافیت کو فروغ دینا ہے۔


کھلاڑیوں کو چار کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا جہاں کیٹیگری اے میں صرف تین کھلاڑی شامل ہیں جن کی تنخواہوں اور دیگر مراعات میں 202 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ کیٹیگری بی میں شامل کھلاڑیوں کی تنخواہوں اور مراعات میں 144 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔کیٹیگری سی میں 2 جبکہ کیٹیگری ڈی میں 14 کھلاڑی شامل ہیں جن کی تنخواہوں اور مراعات میں بالترتیب 135 اور 127 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔


کیٹیگری اے: بابراعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی،کیٹیگری بی میں  فخر زمان، حارث رؤف، مام الحق، محمد نواز، شاداب خان اور نسیم شاہ،کیٹیگری سی: عماد وسیم اور عبداللہ شفیق،کیٹیگری ڈی میں  فیم اشرف، حسن علی، افتخار احمد، احسان اللہ، محمد حارث، محمد وسیم جونیئر، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہنواز دھانی، شان مسعود، اسامہ میر اور زمان خان شامل ہیں۔


سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل وہ کھلاڑی جو ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہے ہوں گے، انہیں انٹرنیشنل میچ فیس کی 50فیصد رقم ادا کی جائے گی۔
کھلاڑیوں اور بورڈ کے درمیان غیرملکی لیگز کے این او سی کے حوالے سے طویل مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہر سیزن میں سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو دو غیرملکی لیگز میں شرکت کی اجازت ہو گی۔تین سال کے معاہدے کے باوجود ہر 12 ماہ کے بعد ان 25 کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔


پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے سینٹرل کنٹریکٹ پایہ تکمیل پر پہنچنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ طویل مذاکرات کے بعد پی سی بی اور کھلاڑیوں کے درمیان مالیاتی معاہدہ طے پا گیا ہے۔

مزیدخبریں