روپیہ ڈالر کے مقابلے میں بیسٹ پرفارمنگ کرنسی قرار 

روپیہ ڈالر کے مقابلے میں بیسٹ پرفارمنگ کرنسی قرار 
سورس: File

کراچی : ستمبر میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور اب تک اس کی قدر میں 5.4 فیصد کا اضافہ ہو چکا ہے جس کے بعد امریکی ڈالر کے مقابلے میں کسی بھی دوسری کرنسی کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے اور اسے اب تک موجودہ مہینے میں بیسٹ پرفارمنگ کرنسی قرار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پانچ ستمبر کو ڈالر کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند سطح پر پہنچ گئی تھی جب انٹر بینک میں ایک ڈالر کی قیمت 307.10 کی سطح پر بند ہوئی تھی اور اس کے بعد اس کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

پاکستان میں اگست کے مہینے میں روپے کی قدرمیں تاریخی کمی ریکارڈ کی گئی تھی تاہم ستمبر کے شروع میں حکومت کی جانب سے کرنسی کی سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور سٹے بازی کے خلاف کریک ڈاون شروع کیا گیا جس کے بعد امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی آنا شروع ہوئی۔

بدھ کے روز ایک ڈالر کی قیمت 288.75 کی سطح پر بند ہوئی اور اس طرح ڈالر کی قیمت میں اب تک مجموعی طور پر 18.35 روپے کی کمی واقع ہوئی۔

پاکستان میں مالیاتی امور سے منسلک ادارے عارف حبیب لمٹیڈ کی جانب سے سٹیٹ بینک اور امریکی مالیاتی امور پر کام کرنے والے ادارے بلومبرگ کے اعداد و شمار پر جاری رپورٹ کے مطابق ستمبر کے مہینے میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں ڈالر کے مقابلے میں 5.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ستمبر کے مہینے میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں انڈین روپے کی قدر میں 0.5 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ کولمبیا کی کرنسی نے ڈالر کے مقابلے میں 0.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا اور ماریشس کی کرنسی میں یہ اضافہ 0.5 فیصد اور ہانگ کانگ کی کرنسی کی قدر میں 0.3 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

چین کی کرنسی کی قیمت میں 0.7 فیصد کی کمی ہوئی جبکہ سری لنکا کی کرنسی کی قیمت میں 1.1 فیصد کی کمی اور بنگلہ دیش کی کرنسی کی قدر میں 1.4 فیصد کی کمی ہوئی۔

مصنف کے بارے میں