قومی ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے روانہ

09:41 AM, 27 Sep, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور:  بھارت میں ہونے والے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے پاکستانی ٹیم کا اسکواڈ کرکٹ اکیڈمی سے لاہور ائیرپورٹ کیلیے روانہ ہوگیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈکپ میں شرکت کیلئے لاہورائیرپورٹ سے دبئی کے راستے بھارتی شہر حیدرآباد کیلئے روانہ ہوگی۔


 


بھارت روانگی سے قبل قومی کرکٹ ٹیم اسکواڈ دبئی میں چند گھنٹے قیام کرے گا جس کے بعد قومی اسکواڈ مقامی وقت کے مطابق تقریبآ رات 8 بجے بھارتی شہر حیدرآباد پہنچے گا۔

قومی ٹیم میگاایونٹ کے باقاعدہ آغاز سے قبل نیوزی لینڈ سے پہلا وارم اپ میچ   کھیلے گی جبکہ دوسرا وارم اپ میچ 3اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف ہو گا۔ دونوں میچ حیدر آباد میں ہوں گے۔

ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے کرے گی۔ یاد رہے کہ میگا ایونٹ کا میگا مقابلہ ،  پاکستان اور بھارت کا میچ 14 اکتوبر کو احمد آبا د میں  کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے لیے ٹیم کی بھارت روانگی سے قبل پاکستانی کپتان بابر اعظم نے قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  کہا کہ ایونٹ کے لئے بھرپور تیاری ہے، ہمارا فوکس صرف ایک نہیں ہر میچ پر ہے، انشا اللہ 9 میچز جیتیں گے، ورلڈ کپ بھی جیتیں گے، کوشش ہے کہ اچھا کھیلیں اور ورلڈ کپ جیت کر لائیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ  پاکستانی ٹیم کا مورال بلند ہے اور ہم بہت پراعتماد ہیں۔ ہم جیت کے ساتھ واپس آنے کی کوشش کریں گے، ہم آپ سب سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمارا ساتھ دیں اور ہمارے لیے دعا کریں۔

یاد رہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ 18رکنی اسکواڈمیں فخرزمان،امام الحق،محمدرضوان، عبداللہ شفیق،سعود شکیل ،سلمان آغا، محمدنواز ،افتخاراحمد،اسامہ میر شامل ہیں۔باؤلنگ اٹیک  کیلئےشاہین آفریدی،حارث رؤف،حسن علی،محمد وسیم جونیئرزورآزمائی کریں گے۔محمدحارث،ابراراحمداورزمان خان   بطورریزو کھلاڑی شامل  ہیں۔ 

مزیدخبریں