اسحاق ڈار ڈیل کرکے واپس آئے ، بدقسمتی ہے ملک کے "محافظوں" نے بھی انہیں نہیں روکا: عمران خان 

05:28 PM, 27 Sep, 2022

نیوویب ڈیسک

پشاور : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار این آر او اور ڈیل کے تحت پاکستان پہنچے ہیں۔خوشی ہے کہ تاجر بھی آزادی کی تحریک میں شامل ہو رہے ہیں۔ 

پشاور میں علما و مشائخ اور تاجروں کے کنونشن سے علیحدہ علیحدہ خطاب کرتے  سابق وزیراعظم نے کہا کہ نہ انصاف کے نظام اور نہ ملک کے محافظوں نے اسحاق ڈار کا  راستہ روکا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری بڑی بدقسمتی ہے کہ ہمارا نہ انصاف کا نظام ان کو روک سکا اور نہ ہمارے وہ لوگ جو ملک کے محافظ بنتے ہیں نہ انہوں نے اس کا راستہ روکا اور کون روکے گا انشااللہ! آپ کا بھائی عمران خان اس کا راستہ روکے گا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ان کا منشی جو وزیراعظم کے جہاز پر بیٹھ کر بھاگ گیا تھا، آج ملک کا وزیر خزانہ بننے جا رہا ہے  جس معاشرے میں قانون کی حکمرانی اور انصاف نہ ہو وہ جانوروں کا معاشرہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ مغرب میں یہ تصور نہیں کہ ایک مفرور اور مجرم باہر بیٹھ کر ملک کے فیصلے کرے۔

عمران خان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپ کی خدمت کرنے نہیں آئی بلکہ اپنے کیسز ختم کرنے آئی ہے۔چھ مہینے پہلے چھ فیصد پر معیشت ترقی کر رہی تھی آج وہ ترقی نیچے آگئی ہے۔ 50 سال میں سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں آئی ہے۔

مزیدخبریں