جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں 13 اکتوبر تک توسیع

03:09 PM, 27 Sep, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: ڈسٹرکٹ سیشن عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی تھانہ کوہسار میں درج مقدمے میں عبوری ضمانت میں 13 اکتوبر تک توسیع کر دی ہے جبکہ مراد سعید کی درخواست خارج کر دی۔ 
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور ان کی جگہ وکیل بابر اعوان عدالت میں آئے جبکہ مقدمے کا تفتیشی افسر ریکارڈ سمیت عدالت میں پیش ہوگیا۔
 دوران سماعت وکیل بابر اعوان نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ عمران خان لاہور میں ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکتے جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ 
ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے اسد قیصر، اسد عمر، شہریار آفریدی، فیاض الحسن چوہان، سیف اللہ نیازی سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانتیں 10,10 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض کنفرم کیں جبکہ مراد سعید کی درخواست ضمانت عدم پیروی پر خارج کر دی گئی۔ 
بعد ازاں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آبادنے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے مقدمات میں عبوری ضمانت میں 13 اکتوبر تک توسیع کر دی۔ 

مزیدخبریں