وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس اعتماد کے ووٹ کیلئے گنتی پوری نہیں ہے: عطاتارڑ

12:23 PM, 27 Sep, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاتارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کے پاس اعتماد کے ووٹ کیلئے گنتی پوری نہیں ہے ۔

نیوز کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس پچھلے 4 ماہ سے آج تک جاری ہے ۔ پرویزالٰہی کو خدشہ ہے نیا اجلاس بلایا گیا تو گورنر پنجاب اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پرویزالٰہی کو 186 ارکان کی حمایت حاصل ہے جبکہ کچھ ارکان ادھر ادھر ہیں ۔ بہت سے ارکان اسمبلی پرویزالٰہی سے متفق نہیں ۔ پرویزالٰہی سے کچھ لوگ ناراض ہیں کیونکہ وہ فنڈز گجرات میں بانٹے جارہے ہیں ۔

عطاتارڑ نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں پاکستان کا مقدمہ بہترین انداز سے لڑا ، وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر بھی دنیا کے سامنے بھرپور انداز میں اجاگر کیا ۔ وزیراعظم نے باور کرایا کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں جارحانہ رویہ کسی صورت برداشت نہیں اور یہ کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ تسلط قائم کیا ہوا ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ امریکا کامیاب رہا ۔

لیگی رہنما نے کہا کہ لندن میں مریم اورنگزیب کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ مریم اورنگزیب کو ہراساں کرنے کیخلاف درخواست تیار کر رہے ہیں ۔ مریم اورنگزیب کو ہراساں کرنے کے معاملے پر برطانیہ سے رابطہ کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ سے یہ رجحان بڑھ رہا ہے ، یہ صورتحال قابل قبول نہیں ۔ ملک کی عزت کا سوال ہے اسلیے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کریں گے ۔ ذمہ داران کیخلاف کریکٹر سرٹیفکیٹ اور نائیکوپ منسوخ کرنے کی استدعا کی جائے گی ۔

مزیدخبریں