لاہور : مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ محمد زبیر کو ویڈیو بنا کر ٹارگٹ کرنے کی سازش کی گئی ہے ۔ ویڈیو پر محمدزبیر کے موقف کا علم نہیں لیکن میں کسی بھی غیر اخلاقی فعل کی حمایت نہیں کرتا ۔
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثنا ء اللہ نے کہا ہے کہ مجھے نہیں پتہ کہ ویڈیو کے معاملے پر محمد زبیر سے کیا منوانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔میں تو بس یہ سمجھتا ہوں کہ محمد زبیر کو ویڈیو کے ذریعے ٹارگٹ کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔میڈیا کو چاہئے کہ وہ محمد زبیر کی ویڈیو کی تحقیق کرے ۔
رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ فرانزک آڈٹ کے بغیر سوشل میڈیا پر ویڈیو ایک غلط رجحان ہے اس سے ایسے حالات پید ا ہوں گے کہ ہر کسی کی ویڈیو فیک یا درست جاری ہوجائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ محمد زبیر کی ویڈیو سے سمجھ نہیں آ رہی کیا مقصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محمد زبیر کی ویڈیو پر بہت محنت ہوئی ہے پتہ نہیں کب سے پیچھے لگے ہوئے تھے۔ یہ سب اس وقت پتہ چلے گا کہ جب ویڈیو ریلیز کرنے والا سامنے آئے ۔
رانا ثنا ءاللہ نے کہا کہ اس طرح کی ویڈیو ریلیز کرنا شرمناک ہے اس کا مقصد ہی کسی کو شرمندہ کرنا ہے ۔
رانا ثنا ء اللہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو سز ا بھی ایک ویڈیو کا شاخسانہ ہے نوازشریف نے ہمیشہ سویلین بالادستی کی بات کی ہے۔انہوں نے کہا کہ جج ارشد ملک کی ویڈیو ملین ڈالرز کی ویڈیو تھی جس نے تاریخ بدل دی وہ ساری زندگی اپنی غلطی پر نادم رہے ۔