ممبئی : بھارتی ریاست اترپردیش میں روزانہ نہانے سے انکاری بیوی کو طلاق دے دی ۔ معاملہ عدالت تک جاپہنچا تاہم خاتون طلاق نہیں چاہتی ۔
یہ واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے علاقے علی گڑھ کا ہے جہاں امان نامی شخص اپنے بیوی کے روزانہ نہانے سے انکار پر اتنا تنگ آچکا تھا کہ اس نے اپنی بیوی کو طلاق ہی دے دی ۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ خاتون کی جانب سے علی گڑھ کے ویمن پروٹیکشن سیل ( ویمن پروٹیکشن سیل خواتین کی طلاقیں رکوانے میں تعاون مہیا کرتا ہے ) میں تحریر ی شکایت درج کروائی گئی ہے جس میں اس نے موقف اختیار کیا ہے کہ اس کے شوہر نے اس کو روزانہ نہانے سے انکار کرنے پر ایک ساتھ ہی تین طلاقیں دے دی ہیں ۔
خاتون کا کہنا تھا کہ اس کی امان سے دوسال قبل شادی ہوئی تھی اور دونوں کا ایک بچہ بھی ہے ۔
پروٹیکشن سیل کے مطابق خاتون کے رشتے کو بچانے کے لیے فریقین سمیت ان کے والدین سے مشاورت کررہے ہیں جبکہ خاتون بھی اپنے شوہر کے ساتھ زندگی گذارنا چاہتی ہے ۔
عہدیدار نے بتایا کہ خاتون کی درخواست پر جب ان کے شوہر سے رابطہ کیا گیا تو شوہرکا کہنا تھا کہ وہ اپنی بیوی کو طلاق دینا چاہتا ہے کیوں کہ وہ روزانہ نہیں نہاتی ہیں اور جب بھی ان سے نہانے کا کہا جائے تو وہ ان سے لڑنا شروع کردیتی ہے۔
پروٹیکشن سیل کے مطابق ،عہدیداوں کی جانب سے شوہر کو یہ سمجھانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ یہ معمولی نوعیت کا مسئلہ ہے جو کہ بغیر طلاق دیے بھی حل کیاجاسکتا ہے تاہم اس کے باوجود اگر ان کی علیحدگی ہو گئی تو یہ عمل بچے کی پرورش کو متاثر کرسکتا ہے۔