لاہور: حضرت علی ہجویری المعرف داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے دربار پر جاری عرس کے حوالے سے بنایا گیا ٹریفک پلان وارڈنز کی غیر موجودگی نے فیل بنا دیا ۔
تفصیلات کے مطابق دربار کی جانب آنے والے راستوں پر بدترین ٹریفک جام ہے ، ٹریفک کی بحالی کےلیے وارڈنز حضرات ڈیوٹی پر موجود ہی نہیں جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ، جین مندر چوک ، ٹیمپل روڈ اور مزنگ روڈ پر شدید ٹریفک جام رہی ۔
اس سے قبل حکومت کی جانب سے کل لاہور میں عرس مباک کے سلسلے میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ۔ اس حوالے سے نوٹیفکیش بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز برصغیر پاک وہند کے عظیم صوفی بزرگ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے سالانہ عرس کی تقریبات کا آغاز ہوا ۔ عرس کی تقریبات تین روز تک جاری رہیں گی ۔ ضلعی انتظامیہ نے اس موقع پر فل پروف سیکیورٹی کا انتظام کیا ہے ۔ داتا دربار کے اطراف راستوں پر کنٹینرز لگا دیئے گئے ہیں جبکہ بغیر ویکسینیشن والے افراد کو تقریبات میں شامل نہیں ہونے دیا جائیگا ۔
حضرت علی ہجویری داتا گنج بخشؒ کے عرس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز مزار پر رسم چادر پوشی سے کیا گیا ۔ رسم چادر پوشی کے بعد محفل حسن قرأت کا انعقاد کیا گیا ، تقریب کے دوسرے روز بعد نماز عشا عالمی محفل نعت کا انعقاد کیا جائے گا جس میں زائرین اور عقیدت مندں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی ۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے حضرت داتا علی ہجویریؒ کے 978ویں عرس کی تقریبات کے موقع پر مربوط سکیورٹی پلان مرتب کر لیا ہے ۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کیپٹن (ر) سہیل چودھری نے کہا ہے کہ عرس کے موقع پر ملک بھر سے آنے والے زائرین کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی ۔ متعلقہ پولیس افسران منتظمین دربار کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور تمام تر سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لے رہے ہیں ۔ منتظمین دربار کورونا وبا کے خطرات کے پیش نظر زائرین کو ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ کی ایس او پیز پر عملدرآمد کی تاکید کریں ۔