ایف بی آر کی یقین دہانی، تاجروں نے ہڑتال کی کال واپس لے لی  

10:47 AM, 27 Sep, 2021

اسلام آباد: تاجروں نے ایف بی آر حکام کی یقین دہانی اور ضمانت کے بعد آج 27 ستمبر کو دی گئی ملک گیر ہڑتال کی کال واپس لے لی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ انھیں موبائل سروس، گیس اور بجلی کی سہولیات سے محروم نہیں کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ نئے صدارتی آرڈیننس میں یہ قوانین متعارف کرائے گئے تھے جس پر شدید ردعمل دیتے ہوئے تاجروں نے آج احتجاج کی کال دی تھی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے رواں ماہ 17 ستمبر کو ایک صدارتی آرڈیننس جاری کیا تھا جس میں ایف بی آر کو اختیارات دیئے گئے تھے کہ وہ گیس بجلی کے کنکشن جبکہ موبائل فون کی سمیں بھی غیر فعال کر سکیں گے۔ تاہم اس معاملے پر تصفیہ ہونے کے بعد تاجروں اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صدراتی آرڈیننس پر تاجر تنظیموں کو شکوک وشہبات تھے جنھیں مل کر دور کر دیا گیا ہے۔

اس معاملے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے تاجروں کی تنظیم کے صدر کاشف چودھری کا کہنا تھا کہ ہماری تمام غلط فہمیوں اور الجھنوں کو دور کر دیا گیا ہے۔ اس آرڈیننس کا اطلاق چھوٹے تاجروں پر نہیں تھا۔ ایف بی آر حکام نے کہا کہ کچھ عناصر عوام کو گمراہ کر رہے تھے، ہم واضح کرتے ہیں کہ موبائل سمیں، بجلی اور گیس کے کنکشن کسی صورت معطل نہیں کئے جائیں گے۔ صرف وہ افراد ہی اس صورتحال کا سامنا کریں گے جو ٹیکس دہندگان کی فعال فہرست کا حصہ نہیں بن رہے۔

مزیدخبریں