ملک کے جنوبی علاقوں میں وقفے وقفے سے مزید بارشوں کی پیشگوئی  

09:12 AM, 27 Sep, 2021

لاہور: محکمہ موسمیات نے ملک کے جنوبی علاقوں میں وقفے وقفے سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جبکہ بالائی علاقوں میں اگلے چند روز کے دوران مون سون کی بارشوں میں کمی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کی رات سے مون سون ہوائیں شدت کے ساتھ صوبہ سندھ میں داخل ہونگی جو 02 اکتوبر تک وقفے وقفے سے بارش کا باعث بنیں گی۔ 28 ستمبر سے 2 اکتوبر کے دوران میرپور خاص، تھرپارکر، عمر کوٹ، سانگھڑ، ٹھٹہ، بدین، کراچی، حیدر آباد، ٹنڈو اللہ یار، ٹنڈو محمد خان، مٹیاری، شہید بینظیر آباد، دادو، قلات، خضدار اور لسبیلہ میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی جبکہ کراچی، ٹھٹہ، بدین، دادو اور حیدر آباد میں موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔

28 ستمبر سے 30 ستمبر کے دوران سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، کوہلو، سبی، نصیر آباد، بارکھان، ژوب، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور بہاولپور میں بھی کہیں کہیں پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ آئندہ چند دنوں میں کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب اور بالائی خیبر پختونخوا کے کچھ اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ تاہم کشمیر اور اس سے ملحقہ علا قوں میں چند مقامات پر گرج چمک اورتیزہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ تاہم زیریں سندھ میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش مٹھی 10، اور کشمیر کے علاقے دھلی میں 01 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ لاڑکانہ 42، سبی اور تربت میں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

مزیدخبریں