کابل: افغان وزیر دفاع ملا محمد یعقوب نے اپنے تمام طالبان اراکین پر سیلفیاں لینے اور سیاحتی مقامات کی سیر پر پابندیاں عائد کر دی ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔
افغان وزیر دفاع کی جانب سے یہ ہدایت تمام طالبان کو ایک آڈیو پیغام کے ذریعے دی اور سختی سے کہا ہے کہ تمام اراکین گشت پر مامور رہیں اور علاقہ چھوڑ کر باہر نہ جائیں۔ یہ بات ذہن میں رہے کہ ملا یعقوب طالبان کے بانی ملا عمر کے صاحبزادے ہیں۔
ملا محمد یعقوب نے اس بات پر سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علم میں آیا ہے کہ طالبان جنگجو سرکاری دفاتر میں بغیر کسی کام کے جاتے ہیں اور وہاں جا کر سیلفیاں بنانا شروع کر دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ عجیب بات ہے کہ جس کا دل کرتا ہے وہ بغیر سوچے سمجھے حساس مقامات پر جا کر وہاں کی تصاویر اتارنا شروع کر دیتا ہے۔ اس طرح بے مقصد سیر سپاٹے کرنا ویڈیو بنانا اور تصاویر لینا بہت ہی قابل اعتراض بات ہے، اس سے دنیا و آخرت میں کچھ بھی حاصل نہیں ہو سکے گا۔
امریکی میڈیا کے مطابق افغان وزیر دفاع ملا محمد یعقوب نے طالبان کیلئے جاری اپنے آڈیو پیغام میں ان کی سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے حلیہ اسلامی اطوار کے مطابق بنائیں۔
خیال رہے کہ میڈیا میں آئے روز ایسی تصاویر اور ویڈیوز آتی رہتی ہیں جس میں طالبان جنگجو تفریحی مقامات اور دیگر جگہوں پر جا کر سیلفیاں اتارتے ہیں۔ ان تصاویر میں کوئی جنگجو بچوں کے جھولے جھولتا نظر آ رہا ہے، کوئی جمپنگ کاریں چلا رہے ہیں، اب ایسی اوٹ پٹانگ حرکتوں کا طالبان کی اعلیٰ قیادت نے نوٹس لیتے ہوئے ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی ہے۔