بیجنگ: چین میں کوئلے کی کان بیٹھ جانے سے 16 کان کن ہلاک ہو گئے جب کہ ایک زخمی کو نازک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے شہر چونگ چنگ کے نواحی علاقے میں کوئلے کی کان دب گئی جس کے نتیجے میں 17 کان کن کان کے ملبے میں پھنس گئے۔
ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ملبے سے ایک کان کن کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جب کہ 16 کان کنوں کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔ ہلاکتیں کاربن مونوآکسائیڈ کا لیول بڑھنے کی وجہ سے ہوئیں۔
کوئلے کی یہ کان سرکاری ادارے کی ملکیت تھی تاہم چین میں دیگر کانوں کی طرح اس کان میں بھی سیفٹی اقدامات نہ ہونے کے برابر تھے اور قریبی علاقے میں طبی سہولیات بھی میسر نہیں تھیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں بھی ایک کان کے بیٹھ جانے سے 14 کان کن ہلاک ہوگئے تھے جب کہ 2018 میں ایسے ہی دو واقعات میں مجموعی طور پر 28 کان کن ہلاک ہوئے تھے۔