افغان مفاہمتی ہائی کونسل کے چیئرمین 3 روزہ دورہ پر کل اسلام آباد پہنچیں گے

08:31 PM, 27 Sep, 2020

اسلام آباد: افغانستان کی قومی مفاہمت ہائی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداﷲ عبداﷲ پاکستان کے تین روزہ درے پر کل اسلام آباد پہنچیں گے.دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وہ قومی مفاہمت کی ہائی کونسل کے اہم ارکان سمیت ایک اعلی سطح کے وفد کے ہمراہ دورہ کریںگے۔

دورے کے دوران ڈاکٹر عبدﷲ عبدﷲ وزیراعظم، صدر، چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی، وزیر خارجہ اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقات کریںگے۔

وہ انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز اسلام آباد میں اہم خطاب کرین گے اور صحافیوں سے بات چیت کریں گے۔ قومی مفاہمت کی ہائی کونسل کے چیئرمین کی حیثیت سے ڈاکٹر عبداﷲ کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔

دورے سے افغان امن عمل کے تناظر میں بات چیت، پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور عوامی سطح پر روابط مستحکم بنانے کا موقع ملے گا۔

ڈاکٹر عبدﷲ عبدﷲ کا یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی ہم آہنگی، بھائی چارے اور قریبی روابط کے فروغ میں مددگار ہوگا۔

مزیدخبریں