لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے نواز شریف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس پارٹی کا سربراہ ملک اور فوج کے خلاف عزائم رکھتا ہو وہ ملک کا خیر خواہ کیسے ہو سکتا ہے۔
چودھری پرویز الہیٰ سے سابق ایم پی اے خضر حیات گوپانگ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں ہمارا مقابلہ دس سال تک عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں سے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) پورے پنجاب سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے گی۔ (ق) لیگ کی جانب سے عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والی سیاسی شخصیات کو نامزد کیا جا رہا ہے۔ بلدیاتی نظام عوامی خدمت کا سب سے زیادہ موثر نظام ہے۔ بلدیاتی نظام میں عوام کے بنیادی مسائل ان کے گھر کی دہلیز پر حل کر دیئے جاتے ہیں۔
چودھری پرویز الہیٰ نے خضر حیات گوپانگ کو مظفر گڑھ، تحصیل علی پور کے لیے پارٹی کی جانب سے ناظم کا امیدوار نامزد کیا۔ ملاقات میں کامل علی آغا، نواب گوپانگ، کاشف حیات گوپانگ اور خلیل خان جتوئی بھی شریک ہوئے۔