طلال چوہدری پر حملہ، خاتون ایم این اے کا بیان بھی سامنے آ گیا

04:49 PM, 27 Sep, 2020

لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری پر حملے میں مبینہ طور پر ن لیگ کی ایک خاتون رکن قومی اسمبلی کا نام لیا جا رہا ہے۔ اب مسلم لیگ ن کی رکن قومی اسمبلی عائشہ رجب علی کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے۔

عائشہ رجب علی نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ جس طریقے سے سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر میری ذات سے متعلق بات ہوئی وہ صرف میری نہیں بلکہ تمام خواتین کی تذلیل ہے۔

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ میں بھی ایک ماں ہوں، بہن ہوں، کسی کی بیٹی ہوں اور ایک عزت دار گھرانے سے تعلق رکھتی ہوں۔

عائشہ رجب علی نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ میرا کسی معاملے سے کوئی تعلق نہیں، سنی سنائی باتوں پر یقین کر کے میری عزت پر سوال نہ اٹھایا جائے۔

طلال چوہدری پر حملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دی جا چکی ہے اور انکوائری کمیٹی نے باقاعدہ طور پر اپنی تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل کا کہنا تھا کہ طلال چوہدری کی جانب سے خاتون ایم این اے کو ہراساں کرنا انتہائی افسوسناک ہے اور حکومت ہر صورت خاتون ایم این اے کی حفاظت کرے گی۔

طلال چوہدری لاہور کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے تاہم وہ  آج ڈسچارج ہو چکے ہیں۔ تاہم خاتون ایم این اے جن کا مبینہ طور پر اس معاملے میں نام لیا جا رہا ہے عائشہ رجب علی وہ اسلام آباد چلی گئی ہیں۔

طلال چوہدری اس معاملے میں اپنے اوپر لگنے والے تمام الزامات کو مسترد کر چکے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس معاملے سے کسی خاتون کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

مزیدخبریں