اسلام آباد: وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے کوچز اور آفیشلز اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ دنوں پاکستان سپورٹس بورڈ کے جناح ہال میں سروسز سپورٹس کنٹرول بورڈ کے زیر اہتمام اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے اتھلیٹکس فٹنس اور گرومنگ کے حوالے سے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ کھیلیں اخوت بھائی چارے اور ڈسپلن کا درس دیتی ہیں اور ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے قول پر عمل کرتے ہوئے ڈسپلن، اتحاد اور وفاداری کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔ ایسے کورس ملک کے دوسرے مقامات پر بھی منعقد ہونے چاہیں اور پاکستان سپورٹس بورڈ اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے ان کو سہولیات فراہم کرے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے کھیلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے اور ہمیں اپنے دور دراز علاقوں میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کے لئے محدود وسائل میں رہتے ہوئے توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے میڈیا کو بھی اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ یونین کونسل اور دیہاتی سطح پر کھیلوں کے گراﺅنڈ بنانے کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں صوبائی حکومتوں سے بھی بات کر چکی ہے۔
کورس میں ملک بھر سے 77 شرکاءنے حصہ لیا۔ جن میں تینوں فورسز سمیت پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے کوچز اور آفیشلز شامل تھے۔