ممبئی: انڈین اداراے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے بالی وڈ کی نامور اداکارہ دیپکا پاڈوکون سے اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے میں پوچھ گچھ کی ہے۔
دیپکا جو ان دنوں گوا میں تھں اپنے شوہر اداکار رنویر سنگھ کے ساتھ ممبئی پہنچیں۔ اس سے قبل اداکارہ راکول پریت سنگھ اور دیپکا کی مینجر کرشمہ پرکاش سے پوچھ گچھ ہوئی ہے۔
انڈین میڈیا میں فلمساز کرن جوہر کی پارٹی میں منشیات کے استعمال کی بات کی جا رہی ہے۔ اس بارے وضاحت دیتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ منشیات کا استعمال کرتے ہیں اور نہ ہی ان کی پارٹیوں میں اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔ کرن جوہر کا کہنا تھا کہ ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر فرضی خبریں چلائی جا رہی ہیں۔ یہ الزامات بے بنیاد ہیں۔
ادھر منشیات کیس میں اداکارہ دپیکا پڈوکون سے متعلق اہم انکشاف سامنے آیا ہے کہ وہ اس واٹس ایپ گروپ کی ایڈمن تھیں جس پر منشیات کی لین دین کے حوالے سے بات چیت کی جاتی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ٹیلنٹ مینجمنٹ ایجنسی کی مینیجر جایا شاہ نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی پوچھ گچھ کے دوران اس بات کا انکشاف کیا۔ سشانت کیس سے منسلک منشیات کیس میں اس واٹس ایپ گروپ کی بنیاد پر ہی دپیکا پڈوکون مشتبہ افراد میں شامل ہوئی ہیں کیونکہ اداکارہ اور جایا شاہ اس گروپ کی ایڈمن تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق این سی بی نے ٹیلنٹ مینجمنٹ ایجنسی کے ساتھ کام کرنے والے دو فیشن ڈیزائنرز کو بھی طلب کر کے ان سے پوچھ گچھ کی تھی۔
اس کے علاوہ سشانت سنگھ کی سابق بزنس مینیجر شروتی مودی کو بھی نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے طلب کیا تھا اور ان سے کیس کے حوالے سے پوچھ گچھ کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ رواں سال 14 جون کو 34 سالہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے جس کے بعد ان کے مداحوں کی جانب سے سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے پر سی بی آئی سے تفتیش کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔