مصباح الحق کی تقرری،محمد یوسف نے تنقید کے نشتر برسادیئے

10:52 AM, 27 Sep, 2019

لاہور:پاکستان کے مایہ ناز سابق ٹیسٹ بلے باز محمد یوسف نے تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہا ہے کہ مصباح الحق کی تقرری میرٹ کی بنیاد پر نہیں ہوئی اور وہ صرف سکور کارڈ دیکھ کر ہی فرسٹ کلاس کرکٹرز کی کارکردگی کا اندازہ کیسے لگا سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق محمد یوسف نے کہا کہ مصباح الحق تو قومی ٹیم کیساتھ ہوں گے تو پھر وہ کیسے فرسٹ کلاس کرکٹرز کی کارکردگی کو اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے؟ چیف سلیکٹر سکور کارڈ کی بنیاد پر فیصلے کرنا پڑیں گے یا پھر صوبائی کوچز جو کچھ بتائیں گے اسے ماننا پڑے گا اور اگرصوبائی کوچز نے ہی یہ کام کرنا ہے تو پھر چیف سلیکٹر کی کیا ضرورت تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر مصباح الحق کی تقرری خالصتا میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہے تو پھر وقار یونس ان سے زیادہ مضبوط اور تجربہ کار امیدوار تھے اور میں تو اس پر بھی حیران ہوں کہ وقار یونس ناجانے کس طرح باﺅلنگ کوچ بننے پر رضامند ہو گئے حالانکہ میرٹ کی بنیاد پر تو انہیں ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر ہونا چاہئے تھا۔

سابق کپتان محمد یوسف نے سری لنکن ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے برے حالات میں پاکستان نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا تھا، پاکستان سری لنکا کے خلاف آسانی سے سیریز جیتے گا اور اگر سری لنکن تمام کھلاڑی بھی آ جاتے تب بھی میزبان ٹیم مضبوط ہے۔

سابق کپتان نے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کی اہلیت اور تقرری پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ مصباح الحق کے بجائے وقاریونس کو ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر کے اختیارات دیئے جاتے تویقین آتا کہ میرٹ پر فیصلہ ہوا ہے، مصباح الحق میں ایسی کوئی خوبی نہیں، جس کوسامنے رکھتے ہوئے انہیں تمام اختیارات سونپ دیئے گئے ہیں۔

مزیدخبریں