نیو یارک: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سارک کونسل وزرائے خارجہ اجلاس کے دوران بھارتی ہم منصب کی تقریر کا بائیکاٹ کرتے اجلاس سے باہر چلے گئے۔
مقامی ہوٹل میں سارک وزرائے خارجہ کا سالانہ اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان اور بھارت سمیت مختلف ممالک کے وزارئے خارجہ نے شرکت کی۔ پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی خارجہ امور کے وزیر سبرا منیم جے شنکر کے بیان دینے کے وقت اجلاس میں موجود نہ رہنے کا فیصلہ کیا اور اجلاس سے اٹھ کر چلے گئے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے قاتل کے ساتھ میں بیٹھوں یہ بالکل ممکن نہیں اور بھارت کو یقینی بنانا ہوگا کہ کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق محفوظ ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور محاصر ے کا خاتمہ نہیں کرتا تب تک مذاکرات نہیں ہوں گے۔ کشمیر سے کرفیو اٹھانے تک پاکستان کسی قسم کے مذاکرات کا حصہ نہیں بنے گا۔