سعودی عرب میں ہر کوئی برابر کا شہری ہے، شاہ سلمان بن عبدالعزیز

09:51 PM, 27 Sep, 2018

ریاض: سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ مملکت میں ہر کوئی برابر کا شہری ہے اور کسی سے امتیازی سلوک نہیں کیا جاتا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ مملکت میں ہر کوئی برابر کا شہری ہے اور کسی سے امتیازی سلوک نہیں برتا جاتا ہے، بعض ممالک میں لوگوں کو استثنیٰ حاصل ہے لیکن سعودی عرب میں کوئی بھی شہری کسی کے بھی خلاف شکایت درج کراسکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدینہ منورہ میں شاہ سلمان عالمی کنونشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ اللہ ان لوگوں پر رحم فرمائے جو دوسروں کی غلطیوں کی نشان دہی کرتے ہیں۔

شاہ سلمان نے کہا کہ اگر آپ کوئی ایسی چیز دیکھتے ہیں جس سے آپ کے دین، ملک یا شہریوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور آپ اس کی نشان دہی کرتے ہیں تو پھر اللہ آپ پر رحم فرمائے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تک مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کا تعلق ہے تو میرا نام بھی ان لوگوں کے ناموں کی طرح ہے جو مجھ سے پہلے گزرے ہیں اور میں آج خادم الحرمین الشریفین ہوں، ہم اللہ کے گھر کے خادم ہیں، مکہ اور مدینہ کی خدمات بجا لارہے ہیں، زائرین حج اور عمرہ یہاں آتے ہیں وہ ہماری خدمت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہیں۔

شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مدینہ منورہ کے دورے کے موقع پر پانی، بجلی اور صحت کے مختلف منصوبوں کا بھی افتتاح کیا، ان میں ینبع میں پانی صاف کرنے، بجلی پیدا کرنے اور ینبع سے مدینہ منورہ تک آب رسانی کے منصوبے شامل ہیں، ان پر 21 ارب سعودی ریال لاگت آئے گی.

مزیدخبریں