ٹھگزآف ہندوستان کا ٹریلر، کپتان جیک اسپیروکی یاد تازہ

09:46 PM, 27 Sep, 2018

ممبئی :بالی وڈ فلموں کے مداح آج کل جس فلم کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں ، وہ ٹھگز آف ہندوستان‘ ہے، فلم بینوں کے جذبات کو مہمیز کو کرتا فلم کا ٹریلر جاری کردیا ہے جسے دیکھ کر ہالی وڈ فلم سیریز ’پائریٹس آف دی کیریبئن‘( پی او سی) کی یاد تازہ ہوگئی۔

یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم ‘ ٹھگز آف ہندوستان‘ کا ٹریلر آن لائن ریلیز کردیا گیا ہے۔ یقیناً یہ ٹریلرانٹرنیٹ کی دنیا کی سنسنی خیزی میں تواضافہ کرے گا لیکن فلم بینی کے شوقین افراد کی توقعات اب کچھ مدہم پڑگئی ہیں۔

ٹریلردیکھ کرلگتا ہے کہ امیتابھ بچن اورعامرخان جیسی اسٹار کاسٹ کو لے کربننے والی یہ فلم ، ہالی وڈ کی مشہورِ زمانہ فلم سیریزپائریٹس آف دی کیریبئن کا بھرپورچھاپا ثابت ہوگی۔

ہالی وڈ فلم ( پی او سی) بحری قذاقوں پربننے والی سیریز ہے اورجن فلم بینوں نے وہ سیریز دیکھ رکھی ہے، ٹھگز آف ہندوستان کاٹریلردیکھتے ہوئے ان کے ذہن میں ہالی وڈ بلاک بسٹرکے سین چلنے لگے ہیں۔

ٹریلرکو دیکھ کراندازہ ہوتا ہے کہ فلم کے ویژولزپربے پناہ محنت کی گئی ہے اور شائقین کواس کے ایکشن پرمبنی مناظر پسند آئیں گے، لیکن جب اس کا موازنہ والٹ ڈزنی جیسی مشہورِ زمانہ اینی میشن کمپنی کی فلم سے کیا جارہاہے تو کہنا پڑے گا کہ سی جی آئی ٹیکنالوجی کا ہالی وڈ کے درجے پر استعمال ابھی ہندوستانیوں کے بس کی بات نہیں ہے۔

فلم کی کہانی ہندوستان میں انگریز راج کے آغاز اور آزادی کی جدوجہد شروع ہونے سے پہلے کے دور کے گرد گھومتی ہے جب  امیتابھ بچن (خدا بخش نامی بحری قذاق) انگریزوں کی حاکمیت کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے برٹش سپاہیوں کے مدمقابل ڈٹ جاتا ہے۔

ایسا ہی کچھ ہم پائریٹس آف دی کیریبئن میں بھی دیکھ چکے ہیں  جہاں بحری قذاق سمندروں پرانگریزوں کی اجارہ داری تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے مسلسل ان کے ساتھ مقابلے کے ماحول میں رہتے ہیں۔

مزیدخبریں