کراچی:کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں سوشل میڈیا پر معروف ٹیکسی سروس کریم کے ڈرائیورز کی جانب سے ڈکیتی اور اغوا کی کوشش کے دو واقعات سامنے آئے ہیں۔
سماجی روابط کی معروف ویب سائٹ فیس بک پر ایک خاتون سیدہ علینا سعید نے بدھ (26 ستمبر) کے روز پوسٹ کی کہ 24 ستمبر کو کراچی کے علاقے کورنگی کریک کے قریب کریم کیپٹن نے انہیں مبینہ طور پر اغوا کرنے کی کوشش کی تھی تاہم وہ بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئیں ۔
سیدہ علینا سعید نے دعویٰ کیا کہ ان کے مسلسل احتجاج کے باوجود ڈرائیور کورنگی کریک کے سنسان راستے کی طرف گاڑی لے جارہا تھا اور ان پر مسلسل چیزیں پھینک رہا تھا۔
بعد ازاں وہ گاڑی کا ہینڈ بریک کھینچ کر گاڑی سے نکلنے میں کامیاب ہوگئی تھیں کیونکہ ہینڈ بریک کھنچنے سے گاڑی کی رفتار کم ہوئی جس سے ڈرائیور کا دھیان بٹ گیا تھا تاہم گاڑی سے اترنے کے بعد کریم کیپٹن نے ان کا پیچھا کیا اور ان پر حملہ کرنے کی کوشش کی جس کی وجہ سے ان کے بازوؤں پر خراشیں بھی آئی تھیں ۔
حادثے سے متعلق جاننے کے لیے جب کچھ گاڑیاں رکیں تو ڈرائیور نے دعویٰ کیا کہ خاتون نے کرایہ نہیں دیا تھا ، علینا سعید نے فیس بک پر کریم سروس کو کی گئی ای میل کے اسکرین شاٹس بھی فیس بک پر پوسٹ کیے تھے، جس میں انہوں نے ڈرائیور کی جانب سے اغوا کی کوشش کی تفصیلات بتائی تھیں ۔
کریم سروس نے ان کی ای میل کے جواب میں کہا تھا کہ انہوں نے حادثے میں ملوث ڈرائیور کو ملازمت سے فارغ کردیا ہے ، سیدہ علینا سعید نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا تھا کہ وہ حادثے سے متعلق ایف آئی آر درج کروائیں گی۔
دوسری جانب فیس بک گروپ سول سسٹرز پر آج (27 ستمبر) کو کی گئی پوسٹ میں ایک گروپ ممبر نے اپنی دوست کی جانب سے کی گئی پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ ایک روز قبل کریم ڈرائیور نے انہیں گن پوائنٹ پر لوٹا تھا۔
پوسٹ کے مطابق متاثرہ خاتون نے بدھ کی شام ایک رائیڈ بک کروائی کی تھی جس دوران کریم ڈرائیور نے سنسان علاقے میں انہیں گن پوائنٹ پر لوٹ لیا تھا ، پوسٹ کے مطابق اس شخص نے ان سے سارے پیسے لیے اور موبائل فون چھین کر کریم ایپ ڈیلیٹ کرکے موبائل واپس کردیا۔
فیس بک پوسٹ میں مزید بتایا گیا کہ مذکورہ حادثہ ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں پیش آیا تھا، صارف نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ کیپٹن نے متاثرہ لڑکی کو اس کی منزل پر بھی چھوڑا تھاتاہم پوسٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ صارف نے حادثے سے متعلق پولیس کو اطلاع دی تھی یا نہیں۔
کریم سروس کے ترجمان نے حادثے سے متعلق ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ کمپنی مذکورہ معاملے سے متعلق تفتیش کررہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جس صارف کو مبینہ طور پر لوٹا گیا تھا، انہوں نے بذات خود کریم سے رابطہ نہیں کیا تاہم حکام کو سوشل میڈیا ہی سےاس حادثے کا پتہ چلا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ انہوں نے مذکورہ صارف سے رابطہ کرکے حادثے سے متعلق مزید معلومات لی تھیں،انہوں نے کہا کہ اگراس واقعے میں کیپٹن قصوروار نکلا تو اسے کریم نیٹ ورک سے بلاک کردیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ حادثے کے خلاف مقدمہ درج کروانے کا فیصلہ صارف کا ہوگا، انہوں نے مزید کہا کہ کریم سیکیورٹی اور لیگل ٹیم حادثے سے متعلق ثبوت کی فراہمی میں پولیس کی مدد کرے گی۔