شہباز شریف ذمہ دار عہدے پر فائز ہیں، باتیں ذمہ دارانہ کریں، مولا بخش چانڈیو

07:01 PM, 27 Sep, 2018

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ حیران ہیں مسلم لیگ ن نے اب تک سبق حاصل نہیں کیا، شہباز شریف ذمہ دار عہدے پر فائز ہیں باتیں ذمہ دارانہ کریں۔

ان خیالات کا اطہار انہوں نے شہباز شریف کے  ماضی کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کیا، مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ اداروں میں عمرانی معاہدے کی تجویز غیرآئینی ہے، عمرانی معاہدہ ریاست اور عوام کے درمیان ہوتا ہے، تمام ادارے آئین کے تحت حدود میں رہ کر کام کرنے کے پابند ہیں۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ اداروں کا آپس میں کوئی معاہدہ ہوسکتا ہے نہ ہوتا ہے، پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے اور دیگر ادارے ماتحت ہیں، حکومت نے دھاندلی پر کمیشن نہ بنایا تو پیپلزپارٹی احتجاج کرے گی۔

سینیٹر مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ آصف زرداری گرفتار ہوئے، جیل گئے اور عدالتوں سے بری ہوئے دیکھنا ہوگا کہ مستقبل میں احتساب ہورہا ہے یا انتقامی کارروائی ہورہی ہے۔

واضح رہے کہ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں احتساب کا مستقل اور غیرجانبدار ادارہ ہونا چاہئے، احتساب کے طریقہ کار کو ٹھیک کرنا چاہئے۔

مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپنے وعدے پورے کرنے کا موقع ملنا چاہئے، حکومت نے جو بھی اعلانات کیے ہیں وہ مثبت ہیں، کالا باغ ڈیم پر ان کا کہنا تھا کہ تین صوبے ایک بات کو نہیں مان رہے تو آپ کس کس کو پکڑیں گے، ذاتی رائے سے متعلق ڈیمز سے متعلق بحث ہونی چاہئے۔

مزیدخبریں