وزیراعظم کا طاہر القادری سے رابطہ، فیصلے کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال پر تبادلہ خیال

01:35 PM, 27 Sep, 2018

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کا نشانہ بننے والوں کو انصاف کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا نہتے شہریوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والوں کو نظام عدل سے فرار کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا قانون کے یکساں نفاذ پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں، دیوانی و فوجداری مقدمات میں فوری انصاف تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا وزیراعلیٰ پنجاب ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی یقینی بنائیں، واقعے میں ملوث افراد کو مناصب سے الگ کر کے بلاتفریق کٹہرے میں لایا جائے گا۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا وزیراعظم نے ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کا نشانہ بننے والے خاندانوں کو امید کی کرن دی ہے۔ قانون کی بالادستی کیلئے وزیراعظم کا ویژن قابل تحسین ہے اور انصاف کی امید دلانے پر وزیر اعظم پاکستان کے مشکور ہیں۔

مزیدخبریں