لاہور :پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے سرکاری، نجی کالجوں اور جامعات میں پان، سگریٹ کے بعد چھالیہ اور گٹکے کی فروخت پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔
لاہور سمیت پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں انسداد منشیات کے حوالے سے ڈرگ ایڈوائزری کے نمائندوں نے وزیرتعلیم علی رضا گیلانی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد نمائندوں کا کہنا تھا کہ فوری طور پر سرکاری اور پرائیویٹ اعلیٰ تعلیم کے اداروں میں چھالیہ اور گٹکا فروخت کرنے پر بھی پابندی عائد کی جا رہی ہے۔
پابندی کا اطلاق فوری کیا جائے گا جبکہ اس پابندی کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پنجاب یونیورسٹی میں پہلے ہی سگریٹ ، پان ، چھالیہ اور گٹکے کی فروخت پر پہلے ہی پابندی ہے مگر اس کے باوجود یونیورسٹی میں طلبہ سرعام ان کا استعمال کرتے ہیں۔