لاہور: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم سے وزیراعظموں کو عہدے سے ہٹانے کا راستہ بند ہو جائے گا۔
لاہور میں پولو ٹورنامنٹ دیکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ آئینی ترمیم کے ذریعے جمہوری عمل کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سندھ میں بھی بہت سے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید سیاسی سوالات سے گریز کیا اور چیف جسٹس کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے وضاحت دی کہ وہ اپنا ویک اینڈ لاہور میں گزارنے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ویک اینڈ پر آرام کرنا ان کا حق ہے، اور انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو بھی اپنی مصروفیات کے بارے میں آگاہ کر دیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ لاہور میں شاندار پولو میچ منعقد ہوا جس میں مرد و خواتین دونوں نے حصہ لیا۔ بلاول بھٹو نے کھیلوں کے فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیا اور نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔