لاہور: محکمہ تحفظ ماحول پنجاب نے اسموگ کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری کر دیا۔
محکمہ کے مطابق امرتسر سے آنے والی سموگ زدہ ہوا کا دباؤ بڑھ گیا ہے، جس کی وجہ سے 24 گھنٹوں کے اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ہوا کی رفتار 7 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے اور یہ لاہور کی جانب بڑھ رہی ہے، جس میں نئی دلی، چندی گڑھ، اور امرتسر کی آلودگی شامل ہے۔
لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس حساس اور کمزور افراد کے لیے مضر صحت ثابت ہو رہا ہے۔ شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ کھلی جگہ پر ورزش یا واک کرنے سے پہلے ایئر کوالٹی انڈیکس چیک کریں۔
محکمہ نے مزید ہدایت کی ہے کہ کھلی جگہ پر جانے سے پہلے ماسک کا استعمال ضروری ہے اور بچوں کو باہر کھیلنے کی اجازت ہرگز نہ دیں۔