چین کی ہُنان یونیورسٹی نے ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کے نام پر تحقیقی مرکز قائم، جہاں 17 محققین کام کریں گے

06:15 PM, 27 Oct, 2024

چین :چین کی معروف ہُنان یونیورسٹی آف میڈیسن نے اپنے نئے تحقیقی مرکز کو پاکستانی سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کے نام سے منسوب کیا ہے۔ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان سائنسی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق، اس تحقیقی مرکز میں 17 کل وقتی محققین کام کریں گے جو خاص طور پر چین اور پاکستان کے درمیان سائنسی اور تحقیقی تعاون کو فروغ دینے کے لیے وقف ہوں گے۔ یونیورسٹی، جو 1912 میں قائم کی گئی تھی، چین کی ایک قومی پبلک میڈیکل یونیورسٹی ہے، جس میں 4500 سے زائد فیکلٹی ممبران اور 14,425 کل وقتی طلبہ موجود ہیں۔ یہ جامعہ تقریباً 20 انڈرگریجویٹ اور گریجویٹ میڈیکل پروگرامز میں تعلیم فراہم کرتی ہے۔

ڈاکٹر اقبال چوہدری نے ماضی میں چینی اور پاکستانی سائنسدانوں کے درمیان مشترکہ تحقیقی مراکز کے قیام اور دونوں ممالک میں سائنسی تعاون کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اپنی سائنسی خدمات کے بدلے میں کئی اعزازات حاصل کیے، جن میں پاکستان کے اعلیٰ سول ایوارڈز، ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز اور تمغہ امتیاز شامل ہیں۔ 2021 میں، انہیں بائیو آرگینک کیمسٹری میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں مصطفیٰ انعام سے بھی نوازا گیا۔

ڈاکٹر اقبال چوہدری اس وقت ورلڈ اکیڈمی آف سائنسز میں وسطی اور جنوبی ایشیا کے نائب صدر کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ، وہ مختلف بین الاقوامی سائنسی تنظیموں سے وابستہ ہیں، جیسے اکیڈمی آف سائنسز فار دی ڈیولپنگ ورلڈ اور لندن میں رائل سوسائٹی آف کیمسٹری کے ریسرچ فیلو ہیں۔

یہ تحقیقی مرکز چین اور پاکستان کے درمیان سائنسی تحقیق اور ٹیکنالوجی میں اشتراک کے فروغ کی سمت ایک اہم قدم ہے، جو دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں مزید بہتری اور ترقی کی بنیاد فراہم کرے گا۔

مزیدخبریں