چین : چینی شہری ژاؤ ما نے اپنی معذور والدہ کو اپنی کمر پر اٹھا کر ملک بھر کا سفر کرنے کا ارادہ کیا، جس پر انہیں عوام کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی ہے۔ 31 سالہ ژاؤ ما کی والدہ ایک حادثے کے باعث فالج کا شکار ہوگئیں۔ بچپن میں، ژاؤ اور اس کی بہن نے اپنی والدہ کی دیکھ بھال کی اور ان کے علاج کے لیے مالی مدد فراہم کی۔
جب انہیں معلوم ہوا کہ ان کی والدہ کی بیماری کا علاج ممکن نہیں ہے، تو ژاؤ ما نے اپنی والدہ کے ساتھ سفر کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے اپنی جائیداد فروخت کر کے والدہ کو چین کے مشہور مقامات جیسے تیانشان پہاڑ، تیانچی جھیل، بیجنگ کا تیانمن اسکوائر اور دیوار چین تک لے جانے کا پروگرام بنایا۔
ان کا کہنا ہے کہ ان کی والدہ نے بچپن میں انہیں سنبھالا، اور اب وہ چاہتے ہیں کہ ان کی والدہ کے آخری ایام کو یادگار بنایا جائے۔ ان کی والدہ، جو بول نہیں سکتیں، جب سفر کے دوران مسکراتی ہیں تو یہ ژاؤ ما کے لیے محبت کا بہترین اظہار ہوتا ہے۔ ان کی کہانی چینی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے اور لاکھوں لوگ ان کی عقیدت کی تعریف کر رہے ہیں۔