پاکستان کی ناقص کاکردگی کا سلسلہ جاری، 270 رنز پرپوری ٹیم آؤٹ،50 اوورز بھی نہ کھیل سکے

05:20 PM, 27 Oct, 2023

چنئی: آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان کی جنوبی افریقا کے خلاف کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی۔ کوئی بلے باز اچھی کارکردگی نہ دکھا سکا اور پوری ٹیم 46.4  اوورز میں 270 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ 

دونوں ٹیموں کے درمیان ورلڈ کپ کا 26 واں میچ بھارتی شہر چنئی کے ایم اے چدم برم کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے جہاں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

   

پاکستان کی اننگز کا آغاز گزشتہ دو میچوں کی نسبت زیادہ اچھا نہ رہا اور 20 کے مجموعی اسکور پر عبداللہ شفیق صرف 9 رنز بنانے کے بعد چلتے بنے۔

  

ابھی قومی ٹیم اس نقصان سے سنبھلنے کی کوشش کر ہی رہی تھی کہ 38 کے اسکور پر مارکو جینسن نے دوسرا شکار کرتے ہوئے امام الحق کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔

  

جینسن کو اگلی ہی گیند پر تیسری وکٹ لینے کا بھی موقع ملا لیکن وہ اپنی ہی گیند پر محمد رضوان کا مشکل کیچ تھام نہ سکے اور اس طرح وکٹ کیپر بلے باز کو پہلی ہی گیند پر نئی زندگی ملی۔

  

رضوان اور بابر نے اس موقع سے فائدہ اٹھایا اور تیسری وکٹ کے لیے 48 رنز کی ساجھے داری بنائی، اس طول پکڑتی شراکت کو توڑنے کے لیے جنوبی افریقی کپتان نوجوان جیرالڈ کوئٹزے کو لے کر آئے اور انہوں نے کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے پہلے ہی اوور میں رضوان کو چلتا کردیا، رضوان نے آؤٹ ہونے سے قبل 31 رنز بنائے۔

اس کے بعد بابر کا ساتھ دینے افتخار احمد آئے اور ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 21 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 43 رنز جوڑے لیکن تبریز شمسی کو چھکا لگانے کی کوشش میں افتخار باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے۔

بابر اعظم نے دوسرا اینڈ سنبھالتے ہوئے اپنی نصف سنچری اسکور کی لیکن شمسی کی گیند کو سوئپ کرنے کی ناکام کوشش میں وہ ڈی کوک کو کیچ دی بیٹھے، انہوں نے 65 گیندوں پر 50 رنز بنائے۔

141 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد قومی ٹیم مشکلات سے دوچار نظر آتی تھی لیکن اس مرحلے پر سعود اور شاداب نے میدان سنبھالا اور اسکور آگے بڑھانے کی ذمے داری اٹھائی۔

دونوں کھلاڑیوں نے ناصرف 84 رنز کی شراکت قائم کی بلکہ ساتھ ساتھ رن ریٹ بھی چھ کے قریب برقرار رکھا جس سے ٹیم کے مناسب اسکور تک رسائی کی توقعات برقرار رکھیں۔اس اہم شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب شاداب خان 43 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

دوسرے اینڈ سے سعود شکیل نے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن تبریز شمسی نے وکٹ ڈی کوک کی مدد سے انہیں بھی چلتا کردیا۔شاہین شاہ کا بھی وکٹ پر قیام مختصر رہا اور وہ صرف دو رنز بنا کر تبریز شمسی کی چوتھی وکٹ بن گئے۔

محمد نواز نے 2 چھکوں کی مدد سے 24 رنز کی اننگز کھیلی لیکن حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے ایک بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں جینسن کو وکٹ دے بیٹھے حالانکہ ابھی بھی 4 اوورز کا کھیل باقی تھا۔

محمد وسیم جونیئر نے بھی وکٹ پر قیام کو اہمیت نہ دی اور صرف 7 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی پوری ٹیم ورلڈ کپ میں پانچویں مرتبہ پورے اوورز کھیلنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 47ویں اوور میں 270رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے تبریز شمسی چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ مارکو جینسن نے تین اور کوئٹزے نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

مزیدخبریں