کشمیر پر بھارت کے76 سالہ غاصبانہ قبضے کیخلاف کشمیر اورپاکستان میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے

کشمیر پر بھارت کے76 سالہ غاصبانہ قبضے کیخلاف کشمیر اورپاکستان میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے

اسلام آباد:  مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غصبانہ قبضے کو 76 سال مکمل ہونے پر پاکستان سمیت  کنٹرول لائن کی دونوں جانب کشمیری عوام آج یوم سیاہ منا رہے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ منانے سے بھارت کو یہ پیغام دینا مقصد ہے کہ کشمیری عوام بھارت کے غیر قانونی طور پر قبضے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کی تلخ یاد میں رات 12 بجے سے کشمیریوں نے بھارتی فوجی قبضے کے خلاف احتجاج شروع کردیا، مظفرآباد میں مظاہرین کی جانب سے مشعل بردار ریلی نکالی گئی۔مظاہرین نے ہاتھوں میں سیاہ جھنڈے اٹھا کر بھارتی فوجی قبضے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ 76 برس سے بھارت نے طاقت کے بل بوتے پرکشمیریوں کی آزادی  دبا رکھی ہے۔ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیا تھا اب اقوام عالم کو چاہیے کہ وہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

چترال سے خیبر اور وزیرستان سے کوہستان تک خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں آباد کشمیری بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف بڑے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالیں گے۔ ریلیوں اور سیمینارز کے علاوہ بھارتی افواج کے جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے کیلئے تصویری نمائشیں بھی ہونگی۔

خیبر پختونخوا کے سکولوں اور کالجوں میں کشمیر کے دیرینہ تنازعے کے مختلف پہلوئوں اور کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی اہمیت پر مذاکرے کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس دن کی مناسبت سے ٹرانسپورٹرز اور رکشہ یونینز کی جانب سے پریس کلب کے سامنے ریلیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔

جموں و کشمیر کے بڑے حصے پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کو 76 سال مکمل ہونے پر  یوم سیاہ کے موقع پر نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 27 اکتوبر1947 کو بھارت نے اپنی فوجوں کو مقبوضہ کشمیرمیں اتارا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 سے ایک مذموم مہم کا آغاز کر رکھا ہے، یہ غیرقانونی اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں اور جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہیں۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نےسوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک دستاویزی فلم  "The True Version: Kashmir Disputed"  بھی شیئر کی جس کے ذریعے کشمیریوں کی کہانیوں، ان کے حوصلے اور ان کی خود ارادیت کے طویل راستے کا مشاہدہ کیا جا سکتا ہے۔ 

لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف کے دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری ہر سال 27 اکتوبر کو بھارت کے غاصبانہ قبضہ کیخلاف یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں، بھارتی فورسز نے 1947 میں آج ہی کے دن جموں و کشمیر پر حملہ کر کے کشمیریوں کی مرضی کے خلاف اس پر قبضہ کیا، ریاستی دہشتگردی کے 76 سال مکمل ہونے کے باوجود بھارت آج بھی جارحانہ اور غاصبانہ طرز عمل پر کار بند ہے۔

مصنف کے بارے میں