عمران خان کا مکروہ چہرہ پوری قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے: رانا ثناءاللہ

04:03 PM, 27 Oct, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کا مکروہ چہرہ پوری قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر اور ڈی جی آئی ایس نے قوم کے سامنے واضح مؤقف رکھا ہے ۔

پریس کانفرنس میں وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران نیازی ایک قومی ناسور کی شکل اختیار کرچکے ہیں اور ملک و قوم کی زندگی کیلئے اس ناسور کا علاج بہت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سائفر کا جھوٹا ڈرامہ رچایا ، عمران خان نے اپنی حکومت کیخلاف عدم اعتماد ختم کرنے کیلئے یہ ڈرامہ کیا ۔ عمران خان نے ایسا مؤقف اختیار کیا جس کی کوئی بنیاد نہیں تھی ۔ عمران خان کی آڈیو لیک سے ظاہر ہوگیا یہ ایک کھیل تھا جو وہ کھیل رہا تھا ۔ عمران خان نے سائفر سے کھیل کھیلا اور ملک و قوم کو پہنچنے والے نقصان کا نہیں سوچا ۔

رانا ثناءاللہ نے کہا کہ عمران خان نے اداروں کو دھمکیاں دیں ، انہیں جانور اور نیوٹرل کے القاب سے پکارا ۔ جو ادارہ عمران خان کے مفادات کی تائید کرے وہ محب وطن ہے اور جو تائید نہ کرے وہ چور ، ڈاکو ، میر جعفر اور میر صادق ہے ۔ عمران خان ملک و قوم کو تقسیم کرنے کی سیاست کر رہے ہیں ۔ ادارہ اگر عمران خان کیلئے سینیٹ کا الیکشن مینج کرے تو وہ ٹھیک ہے ۔ اگر کوئی ادارہ لوگوں کو پکڑ ، پکڑ کر لائے اور عمران خان کیلئے ووٹ کاسٹ کرائے تو سب ٹھیک ہے ۔

لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان کے حواری کہتے ہیں لانگ مارچ ایک خونی مارچ ہوگا ۔ یہ لوگ کہتے تھے 25 مئی کو 20 لاکھ لوگ آئیں گے اور لوگوں کا سمندر ہوگا ۔ عمران خان نے پورے ملک میں جلسے کرکے ڈیڑھ ماہ تیاری کی تھی ۔ عمران خان لانگ مارچ کرتے ہوئے اسلام آباد آئے تھے تو اُن کا لانگ مارچ اس وقت ناکام ہوا تھا ۔ عمران خان نے لانگ مارچ کی ناکامی کے بعد کہا تھا 6 دن بعد دوبارہ آؤں گا ۔ عمران خان نے ملک و قوم کو اپنے مفاد کیلئے استعمال کرکے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ۔ عمران خان نے قوم کو گمراہ کرکے تقسیم کرنے کی کوشش کی ۔

انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کی المناک موت پر خوفناک حقائق سامنے آئے ، عمران خان نے کہا ارشد شریف کو جان کا خطرہ ہونے پر باہر بھیجا ۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ عمران خان کا مکروہ چہرہ سامنے آرہا ہے ۔ عمران خان کا کہنا تھا ارشد شریف کو ڈرایا دھمکایا گیا اور اسے باہر جانے پر مجبور کیا گیا ۔ ارشد شریف کو جو تھریٹ دیا گیا اس میں لکھا تھا طالبان نے اسے قتل کرنے کا منصوبہ بنالیا تھا ۔ ارشد شریف کو ڈرا دھمکا کر پہلے دبئی پھر وہاں سے کینیا بھیجا گیا ۔ ارشد شریف کے قتل کے معاملے پر تحقیقات جاری ہیں انہیں عوام کے سامنے رکھا جائے گا ۔ عمران خان نے ارشد شریف کی موت پر پروپیگنڈا کیا ہے ۔

رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ارشد شریف کو ڈرانے کیلئے خیبرپختونخوا حکومت نے تھریٹ الرٹ جاری کیا ۔ خیبرپختونخوا حکومت نے فرمائشی تھریٹ الرٹ جاری کیا اور ارشد شریف دبئی چلا گیا ۔ کینیا میں فارم ہاؤس کس کا ہے ، ایک دو روز میں قوم کو معلوم ہو جائے گا ۔ خرم احمد نجی ٹی وی چینل کا ملازم ہے ، اس کی تصدیق ہوچکی ہے ۔ وقار احمد کے بارے میں بھی معلومات سامنے آ جائیں گی ۔ ارشد شریف ایک ماہ سے کینیا میں موجود تھے ، خرم نامی شخص ان کے ساتھ تھا ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جس وقت ارشد شریف کے ساتھ حادثہ پیش آیا اس کی اطلاع اہل خانہ کو نہ دی گئی ، ارشد شریف کے قتل کی وجوہات کا سراغ جلد لگا لیا جائے گا ۔ ارشد شریف کے معاملے پر تہہ تک جائیں گے اور عمران خان کی ہر چال بے نقاب کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ادارے نے فیصلہ کیا ہے سیاسی معاملات میں کردار ادا نہیں کرے گا ۔ پاک فوج نے فیصلہ کیا ہے وہ ملک و قوم کیلئے اپنا آئینی کردارادا کرے گی ۔ عمران خان فوج کو سیاست میں گھیسٹنے کی کوشش کررہا ہے ۔ آرمی چیف نے مدت ملازمت میں توسیع کی آفر کو ٹھکرایا ۔ آرمی چیف کے اس اہم فیصلے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ لانگ مارچ کو ہم اسلام آباد میں روکیں گے ۔ اسلام آباد میں 4 کلومیٹر کا ایک ریڈ زون تیار کریں گے ۔ ریڈ زون میں کسی کو داخل نہیں ہونے دیا جائے گا ۔

مزیدخبریں